بانیِ انسٹیٹیوٹ کا پیغام

عبدالزراق داؤد

ڈیسکون ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ کا بنیادی مقصد سماج کے پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے نوجوانان اور خواتین کو ایک مہذب ذریعۂ روزگار فراہم کرنا ہےاور اسی مقصد کے تحت زیرِ تربیت تمام طلبہ کو پاکستان کا خودکفیل اور کارآمد شہری بنانا ہماری اوّلین ترجیح ہے ۔ دنیا بھر کے ممالک میں نوجوان آبادی کے لحاظ سے سرِ فہرست ہونے کے باوجود، پاکستان میں نوجوانوں کو صنعتی تعلیم و تربیت دینے والے اداروں کی شدید کمی ہے۔ اسی کمی کے سبب ہماری صنعتیں بھی ماہر، پیشہ وراور تربیت یافتہ افراد سے محروم ہیں۔ یہی وہ خلاء ہے جسے ہم ڈیسکون ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ کی مدد سے پُر کرنے کی سعی کر رہےہیں تاکہ ہمارے نوجوان نہ صرف پاکستان میں بلکہ بیرونِ ملک بھی اپنی قابلیت کے ذریعے جدید دنیا میں ایک مستحکم مقام حاصل کرسکیں۔

ہمیں بین الاقوامی سطح پراپنی قابلیت منوانے کے لئے پیداواری صلاحیت اور پیشہ ورانہ معیار پر توجہ دینے کی ضرورت ہے اور یہ صرف اُسی صورت ممکن ہو سکتا ہے جب ہمارے پیشہ ور افراد دنیا کے جدید تقاضے اور ضروریات سمجھیں۔ یہی وہ انقلابی نقطہ ہے جس پر ہماری تمام تر توجہ مرکوز ہے۔ ڈیسکون ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ کا جدید صنعتی تقاضوں کے مطابق اور صنعتی ماہرین کی زیرِ نگرانی بنایا گیا نصابِ تعلیم ہماری دور اندیشی اور کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ہمارے صنعتی ماہرین اور اساتذہ کرام پاکستانی صنعتی شعبہ جات میں مخصوص پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مہارتوں کی کمی سے بخوبی واقف ہیں اور اس آگہی کے تحت ڈی ٹی آئی کا عملہ پیشہ ورانہ مہارتوں کے ساتھ اخلاقی تعلیم اور قوائد و ضوابط کی تربیت پر بھی زور دیتا ہے۔